اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی ذمہ داری سے نکلنے کافیصلہ کرلیا۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی ذمہ داری سے نکلنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لیے وزیراعظم نے قیمتیں مقرر کرنے کا حکومتی اختیار ختم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر وزیر پیٹرولیم نے اہم اجلاس کل طلب کر لیا ہے۔ چیئرمین اوگرا کو قیمتیں ڈی ریگولیٹ کرنے کے اثرات اور لائحہ عمل بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو مرحلہ وار قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار دینے کی تیاری کی گئی ہے ۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ڈی ریگولیٹ کرنے کا حتمی فریم ورک وزیراعظم کو پیش کیا جائے گا۔پیٹرولیم ڈیلرز نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار دینے کی مخالفت کی تھی، پیٹرولیم ڈیلرز نے کھلا اختیار ملنے پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب ناجائز منافع خوری کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔