پی ٹی آئی کوآرڈینیٹر کی ریمانڈ کے خلاف درخواست پر سماعت پیر تک ملتوی

 پی ٹی آئی کوآرڈینیٹر کی ریمانڈ کے خلاف درخواست پر سماعت پیر تک ملتوی

اسلام آباد: پی ٹی آئی انٹرنیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر احمد جنجوعہ کی ریمانڈ کے خلاف درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور  کر دیے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے پی ٹی آئی انٹرنیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر احمد جنجوعہ کی ریمانڈ کے خلاف درخواست پرسماعت کی ،وکیل ایمان مزاری نے عدالت کو بتایااحمد جنجوعہ لاپتہ تھے پھر پتہ چلا اس کو گرفتار کرکے عدالت پیش کر دیا گیا، انسداد دہشت گردی عدالت نے احمد جنجوعہ کے وکیل کو آگاہ کئے بغیر 7 روز کا ریمانڈ دے دیا۔

عدالت کے استفسار پر ایڈوکیٹ ایمان مزاری نے بتایایہ پی ٹی آئی کے انٹرنیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر ہیں، احمد جنجوعہ کو  20 جولائی کو اٹھایا گیا تو اس کے ہاتھ میں کچھ نہیں تھا،بائیس جولائی کے آرڈر میں کہا گیا اس سے کلاشنکوف برآمد ہو گئی ،ہم نے یو ایس بی بھی جمع کرائی ہےعدالت دیکھ سکتی ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیےہم اِس ایک شخص کیلئے ایک نئی مثال تو قائم نہیں کر سکتے،کل کو ہر کوئی ریمانڈ کا آرڈر ہائیکورٹ میں چیلنج کر دے گا، احمد جنجوعہ کو کب اٹھایا گیا؟ایمان مزاری نے بتایااحمد جنجوعہ کو 20 جولائی کو اُنکے گھر سے اٹھایا گیا۔

بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئےسماعت پیر تک ملتوی کر دی۔