خوشخبری،کینیڈا میں ورک فرام ہوم باعزت روزگار کا ذریعہ

06:46 PM, 24 Jul, 2023

نیوویب ڈیسک

ٹورانٹو:ورک فرام ہوم بیشتر افراد کی زندگی کا معمول بنتا جارہا ہے یعنی دفتر جانے کی ضرورت نہیں رہی، تو وہ اپنے کام کے ساتھ دنیا کو دیکھنے کو بھی کوشش کررہے ہیں۔اگر آپ بھی کسی نئے ملک جاکر بسنا چاہتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ کینیڈا کی جانب سے ڈیجیٹل نوماڈ (ورک فرام ہوم کرنے والوں کے لیے استعمال ہونے والی اصطلاح) کے لیے نئی امیگریشن پالیسی متعارف کرائی جا رہی ہے۔

ابھی پروگرام کی مکمل تفصیلات تو سامنے نہیں آئیں مگر کینیڈا کے وزیر امیگریشن سین فریزر نے بتایا بیرون ملک سے آنے والے 6 ماہ تک کینیڈا میں قیام کر سکیں گے۔اس پروگرام کے تحت ڈیجیٹل نوماڈ مستقل ورک پرمٹ کے لیے بھی درخواست دے سکیں گے اور کینیڈا میں ملازمت ملنے پر مزید 3 سال تک قیام کر سکیں گے۔ یہ کینیڈا آنے کے خواہشمند افراد کے لیے زبردست موقع ہے اور اس پروگرام کا مقصد بیرون ملک سے باصلاحیت ورکرز کو کینیڈا لانا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اہم ٹیکنالوجی شعبوں میں کینیڈا کو افرادی قوت میں کمی کا سامنا ہے اور نئے پروگرام کو اسی کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے۔یہ پروگرام ایسے افراد کے لیے ہیں جو ایسی کمپنی کے لیے کام کر رہے ہوں جس کے مالکان کا تعلق کینیڈا سے نہ ہو۔بنیادی طور پر پروگرام میں ٹیکنالوجی ورکرز پر زیادہ توجہ مرکوز کی گئی ہے۔اس پروگرام کا باضابطہ آغاز 2023 کے آخر تک ہوگا ۔

کینیڈا کے اس پروگرام کے لیے کم از کم تنخواہ کی کوئی شرط عائد نہیں کی جا رہی، جو اہم ہے کیونکہ ایسے ویزا پروگرامز کی پیشکش کرنے والے اکثر ممالک میں ہزاروں ڈالرز ماہانہ آمدنی کی شرط عائد کی جاتی ہے۔اس پروگرام کے تحت ویزا حاصل کرنے والے افراد کو کینیڈا آنے اور وہاں رہائش کا انتظام خود کرنا ہوگا۔کینیڈا پہنچنے کے بعد وہ کسی بھی جگہ منتقل ہوکر اپنا کام جاری رکھ سکیں گے۔

مزیدخبریں