نگران وزیر اعظم کیلئے غیرجانبداری ضروری ہے، اسحاق ڈار کے نام پر اتفاق نہیں ہوا، میڈیا غلط خبریں نہ چلائے : پیپلز پارٹی 

نگران وزیر اعظم کیلئے غیرجانبداری ضروری ہے، اسحاق ڈار کے نام پر اتفاق نہیں ہوا، میڈیا غلط خبریں نہ چلائے : پیپلز پارٹی 

اسلام آباد : وفاقی وزیر شیری رحمان اور فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے اسحاق ڈار کے نام پر اتفاق نہیں کیا ۔میڈیا غلط خبریں چلا رہا ہے۔ نگران وزیر اعظم کے لیے غیرجانبداری ایک لازمی ضرورت ہے ۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں شیری رحمان نے کہا کہ کل فیک نیوز کے ذریعے کسی کو نگران وزیر اعظم کا تاج پہنایا گیا۔ نہ کوئی نام پیپلز پارٹی کو پیش کیا گیا اور نہ ہی کسی نام پر پیپلز پارٹی نے اتفاق کیا۔ 

انہوں نے کہا کہ ابھی تک پیپلز پارٹی کے ساتھ کوئی بھی نام شیئر نہیں کیا گیا۔ نگران وزیر اعظم کے لیے کوئی بات طے نہیں ہوئی قیاس آرائیوں پر بات نہ کی جائے۔ دبئی میٹنگ کی چلائی گئی کوئی ایک خبر بھی درست نہیں ہوئی۔ 

شیری رحمان نے انہیں خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نگران وزیر اعظم کے حوالے سے پیپلز پارٹی کا ایک واضح موقف ہے۔ نگران وزیر اعظم ایک غیر جانبدار شخص ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ سے متعلق بھی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہے۔ آئین میں نگران وزیر اعظم کے انتخاب کا ایک طریقہ کار ہے۔ نگران وزیر اعظم کا فیصلہ حکومت اور اپوزیشن جماعتیں مل کر کرتی ہیں اور یہ ایک مشاورتی عمل ہوتا ہے۔