ریلوے لائن چوروں کیخلاف کارروائی، چار ملزمان گرفتار

12:16 PM, 24 Jul, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور: ریلویز پولیس لاہور نے ریلوے لائن چوری کرنے والے گروہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ 

ایس ایچ او ریلوے راشد شاہ زمان کے مطابق  ملزمان ریلوے جنرل سٹور کے عقب ویٹ مین روڈ مغلپورہ  سے ریلوے لائن کا ٹکڑا چوری کرکے لیجا رہے تھے۔  اس دوران ہم نے مخبر خاص کی اطلاع پر بر وقت کارروائی کی جس کے نتیجے میں چاروں ملزمان کاشف مسیح، شاہ نواز، محمد معصوم اور وقار عرف شیمپی کو گرفتار کر لیا گیا۔

 ایس پی مغلپورہ ملک محمد عتیق  کے مطابق کاشف مسیح اور وقار عرف شیمپی ریکارڑ یافتہ ملزمان ہیں۔  ان کے خلاف تھانہ ریلویز پولیس اور تھانہ ڈسٹرکٹ پولیس میں متعدد مقدمات پہلے سے درج ہیں۔

 ایس پی ملک محمد عتیق نے بتایا کہ چوری شدہ ریلوے لائن کا وزن 88 کلوگرام ہے۔ ملزمان کے خلاف تھانہ ریلویز پولیس ورکشاپس ڈویژن مغلپورہ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ 

ایس پی مغلپورہ کا کہنا ہے کہ ریلویز پولیس ریلوے مٹیریل چوروں کے خلاف مسلسل کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے، ریلوے پراپرٹی کی حفاظت کرنا ہمارا اولین فریضہ ہے۔ 

مزیدخبریں