لاہور: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما ایاز صادق نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے سوال کرنا چاہتا ہوں کہ کیا ہمارے فیصلوں کے لیے دو تین جج ہی رہ گئے ہیں۔ آپ ثاقب نثار نہ بنیں پاکستان کے چیف جسٹس بنیں۔
نومنتخب صوبائی وزیر میاں مجتبی شجاع الرحمن کی رہائش گاہ پر حمزہ شہباز کے ساتھ اظہار یکجہتی تقریب سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ 2014 کے دھرنے میں جو کچھ ہوا اپنی آنکھوں سے دیکھا اس دھرنے کے ذریعے نواز شریف کے خلاف سازش کی گئی۔ پانامہ کیسز میں صرف نواز شریف کا کیس سنا گیا اور کوئی کیس اب تک نہیں سنا گیا۔ سپریم کورٹ سے گزارش ہے کہ کل کے مقدمے کے لیے فل کورٹ تشکیل دیں۔
سردار ایاز صادق نے اداروں پر کھل کر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ توہین عدالت لگانی ہے لگاؤ لیکن میری سوچ کہتی ہے عدلیہ دو گروپوں میں تقسیم ہے۔انہوں نے الیکشن میں ن لیگ کے لوگوں کو ٹکٹس نہ دینے کے حوالے سے بھی انکشاف کرڈالا۔