اسلام آباد: پی ڈی ایم اور جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ اداروں میں بیٹھے پی ٹی آئی کے حامی سیاست کیلئے اداروں کو استعمال نہ کریں اگر انہیں پی ٹی آئی کی حمایت کا شوق ہے تو استعفیٰ دے کر میدان میں آکر ہمارا مقابلہ کریں۔حکومت کو حکومت کرنے دیں ۔ ہم نے نظام کو چیلنج کے طور پر قبول کیا۔
جے یو آئی کے اجلاس کے بعد اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ وزیراعلیٰ کےانتخاب کا معاملہ فوری عدالت لےجانا باعث تشویش ہے۔ مونس الہٰی تو فوری طور پر چودھری شجاعت کے خط کا معنی سمجھ گئے خود اعلان کیا کہ وہ ہار چکے ہیں۔ حیرت ہے عدالت عظمیٰ کہہ رہی ہے معاملہ سمجھ نہیں آرہا۔ انصاف کے تقاضے پورے کرنے کیلئے فل کورٹ بنچ کے علاوہ فیصلہ تسلیم نہیں کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ فل کورٹ کیلئے آئینی ماہرین سےمشاورت کرکےعدالت میں کل درخواست دائرکریں گے۔ ہماری جماعت نے معاملے پر فریق بننےکا فیصلہ کیاہے۔پارٹی صدراورپارلیمانی پارٹی کےمعاملےپرنئی بحث چھیڑدی گئی۔ حتمی فیصلہ پارٹی صدرکاہوتاہےباقی اس کےماتحت ہوتےہیں۔