’عمران خان کو اقتدار میں واپسی کیلئے اسٹیبلشمنٹ، اینٹی اسٹیبلشمنٹ کا کھیل نہیں کھیلنے دیں گے‘

02:50 PM, 24 Jul, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کو اقتدار میں واپسی کے لئے اسٹیبلشمنٹ اور اینٹی اسٹیبلشمنٹ کا کھیل نہیں کھیلنے دیں گے ۔

فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا 100 گنڈے اور 100 چھتر اب عمران صاحب کا مقدر ہے ۔ اداروں کو گالی دھمکی دینے والا اداروں کا ٹھیکے دار نہ بنے ۔ کسی کو بھی آئین اور قانون کے ساتھ کھلواڑ نہیں کرنے دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ دھونس ، دھمکی اور گالی سے انصاف کا قتل نہیں کرنے دیں گے ۔ عمران خان نے اعتراف کیا کہ چار سال حکومت چلانے کے لئے اداروں اور ایجنسیوں کی مدد لی ۔ 

مریم اورنگزیب نے کہا کہ نوازشریف اور مسلم لیگ (ن) کا بیانیہ آئین کا بیانیہ ہے اور رہے گا ۔ فوج اور عدلیہ کو سیاست میں گھسیٹنا بند کرو ۔ عمران خان کا نشانہ ادارے ہیں اور ان کی قیادت کو عہدوں سے اتروانا ہے ۔ منہ پہ خون لگنے کی بات کرکے اب پاؤں نہ پکڑیں ۔ عمران خان کا بیرون ملک سازش کا بیانیہ دفن اور اسٹیبلشمنٹ اور اینٹی اسٹیبلشمنٹ کا بیانیہ شروع ہو چکا ہے ۔

وفاقی وزیر نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ کا فیصلہ دے ۔ عمران صاحب دھونس ، دھمکی ، انتشار ، فساد اور غنڈہ گردی کے ذریعے فارن فنڈنگ کیس میں این آر او چاہتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق مقدمے کی سماعت فل کورٹ کرے ۔ فل کورٹ سپریم کورٹ بار کی نظرِ ثانی درخواست ، موجودہ درخواست اور دیگر متعلقہ درخواستوں کی ایک ساتھ سماعت کرے ۔ انہوں نے کہا کہ اہم قومی ، سیاسی اور آئینی معاملات پر انصاف ہونا ہی نہیں چاہئے ، ہوتا ہوا نظر بھی آنا چاہئے ۔

لیگی رہنما نے کہا کہ عمران صاحب احتساب سے بچنا ، اپنی کرپشن چھپانا اور چور دروازے سے اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہیں ہے ۔ اب یہ جنگ متکبر آئین شکن عمران صاحب کی فسطائیت کے خلاف ہے ۔ پاکستان کے عوام اور اداروں کو عمران خان کی خواہشات کا غلام نہیں بننے دیں گے ۔ جمہوری اور آئینی نظام کو دیوالیہ نہیں کرنے دیں گے ۔

مزیدخبریں