اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی کی سینئر قیادت کو آج شام بنی گالہ طلب کر لیا ۔
تفصیلات کے مطابق پارٹی رہنماؤں سے پنجاب اسمبلی کی صورتحال اور ملکی سیاسی صورتحال پر آئندہ کی حکمت عملی پر مشاورت ہوگی ۔ اس کے علاوہ پی ٹی آئی قیادت سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کے زیر سماعت مقدمات پر بھی غور کرے گی ۔ آئندہ عام انتخابات سے متعلق تجاویز اور حکومت مخالف تحریک سے جڑے امور بھی زیر غور آئیں گے ۔
گزشتہ روز عمران خان نے کہا تھا کہ حمزہ شہباز وزیراعلیٰ بنے نہیں بنائے گئے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا ۔
دوسری جانب ، چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ اداروں پر تنقید کرنے والوں کی حمایت نہیں کرسکتا ۔ ادارے ہیں تو پاکستان میں استحکام ہے ۔ تنقید کرنا علیحدہ چیز ہے لیکن ادارون کے خلاف نازیبا زبان برداشت نہیں ۔ ادارے ملک کی سالمیت کو اپنا فرض سمجھتے ہیں ۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ اداروں کے خلاف شرمناک زبان کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ محب وطن پاکستانی ایسی بات سنیں تو موقع پر اس کا منہ توڑ جواب دیں ۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں سربراہ ق لیگ نے صوبائی اراکین کو حمزہ شہباز شریف کو ووٹ ڈالنے کی ہدایت کی تھی ۔ اور اُن کے خط کی بنیاد پر ڈپٹی سپیکر نے حمزہ شہباز کی کامیابی کا اعلان کیا تھا ۔