لاہور: صدر مسلم لیگ ق چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ میرا اداروں کے ساتھ تیس چالیس سال سے تعلق رہا ہے ۔ اداروں پر تنقید کرنے والوں کی حمایت کیسے کرسکتا ہوں ۔
چوہدری شجاعت حسین کا ایک بار پھر واضح موقف سامنے آگیا کہا پرویز الٰہی میرے وزارت اعلیٰ کے امیدوار تھے ، آج بھی ہیں اور کل بھی رہیں گے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اداروں پر تنقید کرنے والوں کی حمایت نہیں کرسکتا ۔ ادارے ہیں تو پاکستان میں استحکام ہے ۔ تنقید کرنا علیحدہ چیز ہے لیکن ادارون کے خلاف نازیبا زبان برداشت نہیں ۔ ادارے ملک کی سالمیت کو اپنا فرض سمجھتے ہیں ۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ اداروں کے خلاف شرمناک زبان کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ محب وطن پاکستانی ایسی بات سنیں تو موقع پر اس کا منہ توڑ جواب دیں ۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں سربراہ ق لیگ نے صوبائی اراکین کو حمزہ شہباز شریف کو ووٹ ڈالنے کی ہدایت کی تھی ۔ اور اُن کے خط کی بنیاد پر ڈپٹی سپیکر نے حمزہ شہباز کی کامیابی کا اعلان کیا تھا ۔