لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور کا مریم نواز سے متعلق بیان اشتعال انگیز اور خواتین کیخلاف نفرت کا عکاس ہے ۔
اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ علی امین کے الفاظ خواتین کے خلاف نفرت کا اظہار کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب کی جانب سے ایسی ذہنیت کے حامل لوگوں کو حکومتی ذمہ داریاں دینا انتہائی تشویشناک ہے ۔
واضح رہے کہ رہنما تحریک انصاف علی امین گنڈا پور نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف غیر اخلاقی زبان استعمال کرتے ہوئے اُن کو ڈاکو رانی جبکہ اُن کے دادا کو لوہار قرار دیا تھا ۔
اپنے بیان میں علی امین گنڈا پور نے کہا کہ مریم نواز کو ایک تھپڑ پڑے گا تو قوم کے پیسے سے جو 8 کروڑ کی سرجری کرائی ہے ، وہ اتر جائے گی ۔ اسٹیج پر وزیراعظم کی موجوگی میں سیاسی مخالفین پر غیر اخلاقی جملوں پر تمام لوگ تالیاں بجاتے رہے ۔
صدر ن لیگ نے وزیراعظم عمران خان کے آزاد کشمیر میں ریفرنڈم کے اعلان کو آئین سے انحراف قرار دیتے ہوئے کہا کہ تنازعہ جموں و کشمیر کا فیصلہ اقوام متحدہ کی زیر نگرانی آزادانہ استصواب رائے سے ہوگا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں کی مرضی کے بغیر کوئی حل ان پر تھوپنا بھارت کی مدد کرنا اور کشمیر کاز سے غداری کے مترادف ہے ۔