راولپنڈی: راولپنڈی کے علاقے چونترہ میں خاندانی دشمنی پر فائرنگ سے چار بچوں سمیت نو افراد قتل جبکہ بعض کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ پولیس کی بھاری نفری علاقہ میں پہنچ گئی ہے۔
پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق وجہ تنازع چند روز قبل میال گاؤں میں خاتون کا قتل اور دیرینہ دشمنی کا ہے۔ حالیہ فائرنگ کے نتیجہ میں بچوں اور خواتین سمیت 9 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔ پولیس نے علاقے کا کنٹرول سنبھالا جبکہ ایمبیولینسوں کے ذریعے واقعے میں قتل ہونے والے افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں تین بچے بھی شامل ہیں جنھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرانزک ٹیم شواہد اکٹھے کرنے کے لئے موقع پر موجود ہے۔ واقعہ میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
دوسری جانب صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے واقعہ کا نوٹس لیتے ڈی پی او کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری علاقے میں پہنچ کر انکوائری کریں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دو گرپوں میں دشمنی چل رہی تھی، جس پر فائرنگ ہوئی۔ میں ذاتی طور پر اس معاملے کو دیکھ رہا ہوں۔
وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ اگر یہ خاندانی دشمنی تھی تو حفاظتی انتظام کیوں نہیں کیا گیا؟ متعلقہ تھانے سے بازپرس کی جائے گی۔