ملائیشیا نے گراؤنڈ کیے گئے تمام 18 پاکستانی پائلٹس کو بحال کر دیا

07:36 PM, 24 Jul, 2020

لاہور: سول ایوی ایشن اتھارٹی آف ملائیشیا نے گراؤنڈ کیے گئے تمام 18 پاکستانی پائلٹس کو بحال کر دیا۔ رواں ماہ کے آغاز میں ملائیشیا نے پاکستانی لائسنس رکھنے والے پائلٹس کو عارضی طور پر معطل کردیا تھا۔

یاد رہے کہ پاکستان میں کل 860 پائلٹس ہیں جن میں سے 107 غیرملکی ائیرلائنز کے لیے کام کر رہے ہیں۔

3 جولائی کو ملائیشین سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ پائلٹوں کے لائسنسوں کی تصدیق کے لیے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی سے مستقل رابطے میں ہے اور جن پائلٹس کے لائسنس درست ثابت ہوئے انہیں فوری بحال کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ جعلی یا مشکوک لائسنس کے الزام کے تحت حکومت نے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کے 141 پائلٹس سمیت 262 پائلٹس کی لسٹ جاری کی تھی۔

مشکوک لائسنس والے پاکستانی پائلٹس کا معاملہ سامنے آنے کے بعد 30 جون کو یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے کی یورپی ممالک کے لیے فضائی آپریشن کے اجازت نامے کو 6 ماہ کیلئے معطل کیا تھا۔

مزیدخبریں