بلوچستان کی عوام کے احساس محرومی کا مکمل ادراک ہے، وزیراعظم

07:28 PM, 24 Jul, 2020

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں بلوچستان کی عوام کے احساس محرومی کا مکمل ادراک ہے۔ اس کو دور کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔

وزیرِاعظم عمران خان کے زیر صدارت نیشنل ڈویلپمنٹ کونسل کا دوسرا اجلاس ہوا جس میں قومی ترقیاتی ایجنڈے پر تفصیلی غور کیا گیا گیا۔

اجلاس میں بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں آمدورفت، آبی وسائل کے بہتر استعمال، زراعت، توانائی کے منصوبے، بارڈر مارکیٹوں کے قیام اور گوادر پورٹ سے مکمل طور پر استفادہ حاصل کرنے کے لئے مختلف منصوبے زیر غور آئے۔

اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ صوبہ بلوچستان میں مکمل امن وامان کو یقینی بنانا اور سماجی واقتصادی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ماضی میں بلوچستان میں وسائل کے عوام کی فلاح وبہبود پر استعمال کو یکسر نظر انداز کیا گیا، جس سے صوبے کا بڑا حصہ پسماندگی کا شکار رہا اور عوام میں احساس محرومی نے جنم لیا۔

نیشنل ڈویلپمنٹ کونسل کے دوسرے اجلاس چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل فیض حمید، وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، اسد عمر، حماد اظہر، علی حیدر زیدی، عمر ایوب خان، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، عبدالرزاق داؤد اور وزیرِاعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے بھی شرکت کی۔

مزیدخبریں