20 شہروں میں پراپرٹی کے سرکاری نرخ میں 30 فیصد تک اضافہ

20 شہروں میں پراپرٹی کے سرکاری نرخ میں 30 فیصد تک اضافہ
کیپشن: رہائشی اور کمرشل پلاٹوں کی خرید وفروخت پر کیپیٹل گینز ٹیکس میں بھی 40 سے 45 فیصد اضافہ کیا گیا۔۔۔۔۔۔فوٹو/ ریڈیو پاکستان

اسلام آباد: ملک کے 20 بڑے شہروں کی غیر منقولہ جائیدادوں کے سرکاری نرخ میں 30 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا۔ اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، حیدرآباد، سکھر، راولپنڈی، سرگودھا، گوادار اور جہلم سمیت 20 بڑے شہروں کیلئے علیحدہ علیحدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیئے۔

اسلام آباد کے سیکٹر آئی نائن، آئی 10 کے صنعتی زون اور چک شہزاد میں فارم ہاؤسز کیلئے فی کنال اراضی کی قیمت 50 لاکھ، کہوٹہ ٹرائی اینگل صنعتی زون اور ترلائی میں فارم ہاوسز کی قیمت 40 لاکھ روپے فی کنال رکھی گئی ہے۔

رہائشی اور کمرشل پلاٹوں کی خرید وفروخت پر کیپیٹل گینز ٹیکس میں بھی 40 سے 45 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔ جائیداد کی فروخت سے 50 لاکھ منافع پر 5 فیصد، ایک کروڑ تک منافع پر 10 فیصد، ڈیڑھ کروڑ تک منافع پر 15 فیصد اور اس سے زائد منافع پر 20 فیصد ٹیکس دینا ہوگا۔

ایف بی آر نے نان فائلر کیلئے 50 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی جائیداد خریدنے پر عائد پابندی بھی ختم کر دی ہے تاہم اسے 1 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس کے علاوہ خرید کردہ جائیداد کا 5 فیصد بطور جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔ جائیداد پانچ سال بعد فروخت کرنے کی صورت میں ٹیکس عائد نہیں ہو گا۔