لاہور: آشیانہ اقبال سکینڈل کیس میں شہباز شریف اور دیگر ملزمان لاہور کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے سماعت 7 اگست تک ملتوی کر دی۔
احتساب عدالت میں آشیانہ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ شہباز شریف نے عدالت میں کہا کہ نیب نے جھوٹ کا پلندہ تیار کیا ہوا ہے اور یہ کیس وقت کا ضیاع ہے۔ جھوٹ کا پلندہ ہے اور ہماری حکومت نے خود فراڈ کو پکڑا ہے۔ نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ شہباز شریف عدالت کا وقت ضائع کر رہے ہیں اور کارروائی آگے بڑھانی چاہیے۔
شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جنہوں نے کرپشن پکڑی آج وہی ملزم بن چکے ہیں اور میں نے آشیانہ اقبال میں کرپشن کی نشاندہی کی مجھے ہی مورد الزام ٹھہرا دیا گیا۔ نواز شریف کو جیل میں سہولیات نہیں دی جا رہی ہیں اور نواز شریف کے لیے پرہیزی کھانا بند کر دیا گیا ہے جبکہ جیل مینوئل کے مطابق ملاقات بھی نہیں کروائی جاتی ہے۔