اسلام آباد: دفتر خارجہ نے لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف ورزی اور بلااشتعال فائرنگ پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا کہ گورو اہلووالیا کو طلب کر کے لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا گیا۔ بھارت کی طرف سے 22 اور 23 جولائی کو لائن آف کنٹرول کے باگسر سیکٹر پر فائرنگ کی گئی جس سے 2 عام شہری شہید اور 4 زخمی ہو گئے۔
ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق 22 جولائی کو بھارتی فائرنگ سے ایک بچہ 12 سالہ محمد ریاض شہید جبکہ 18 سالہ ذبیح اللہ زخمی ہو گیا۔ اگلے روز ہاٹ سپرنگ سیکٹر میں بھارتی فائرنگ سے ایک خاتون جان بی بی شہید ہو گئیں جبکہ تین شہری زخمی ہوئے۔