آرمی چیف کا دورہ پینٹاگون،21 توپوں کی سلامی دی گئی

10:03 AM, 24 Jul, 2019

واشنگٹن: وزیراعظم کے ہمراہ امریکہ کے دورے پر موجود پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پینٹا گون کا دورہ کیا جہاں پر ان کا تاریخی استقبال بھی کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق امریکی چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف جنرل جوزف ڈنفورڈ نے آرمی چیف کا استقبال کیا جبکہ ان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔

آرمی چیف کی قائم مقام امریکی وزیر دفاع اور چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف جنرل جوزف ڈنفورڈ کے ساتھ ملاقات ہوئی جس میں علاقائی سکیورٹی کی صورتحال اور افغان امن عمل پر گفتگو ہوئی۔امریکی عسکری حکام نے افغان امن عمل اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی فوج کے کردار کو سراہا۔آرمی چیف نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے بھی ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی چیف آف سٹاف جنرل مارک اے ملی سے بھی ملاقات کی۔ سکیورٹی اور دو طرفہ تعاون کے معاملات پر گفتگو کی گئی۔آرمی چیف نے ارلنگٹن نیشنل قبرستان کا دورہ بھی کیا اور امریکی ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا۔

مزیدخبریں