کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو کاروبار ی حصص میں تیزی کا رجحان رہا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 45300 ،45400 اور 45500 کی نفسیاتی حدوں کو عبور کر گیا ۔
مارکیٹ سرمایے میں 45 ارب30 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ، کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت 13.55فیصد کم جبکہ63.58 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ رہا ۔ملک میں جاری سیاسی بے یقینی کی فضاء نے شیئرزمارکیٹ کو مسلسل اتارچڑھائو کی زد میں رکھا ہوا ہے۔
پیر کو بھی کاروبارکا آغازمنفی زون میں ہوااورکاروبار کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس44270 پوائنٹس کی نچلی سطح پر ریکارڈ کیا گیا تاہم پاناما کیس کے فیصلے میں تاخیرکی اطلاعات کی خبروں کے باعث حکومتی مالیاتی اداروں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے توانائی ، اسٹیل اور بینکنگ سیکٹر میں خریداری کے باعث مندی کے اثرات زائل ہو گئے اور کے ایس ای 100 انڈیکس ٹریڈنگ کے دوران 45566 کی بلند سطح پر بھی دیکھا گیا ۔
تاہم اتار چڑھاؤ کا سلسلہ سارا دن جاری رہا ۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 234.82 پوائنٹس اضافے سے 45529.21 پوائنٹس پر بند ہوا ۔ کے ایس ای 30 انڈیکس 113.90 پوائنٹس اضافے سے 23753.49 روپے ، کے ایم آئی 30 انڈیکس 432.88 پوائنٹس اضافے سے 77521.59 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 148.53 پوائنٹس اضافے سے31927.35 پوائنٹس بند ہوا ۔
مجموعی طور پر 335 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ، جن میں سے 213 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ ،106 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 16 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا ۔ پیر کو مجموعی طو رپر10 کروڑ58 لاکھ56ہزار 640 شیئرز کا کاروبار ہوا جبکہ گزشتہ جمعہ کو حصص مارکیٹ میں 12کروڑ24لاکھ52ہزار 640حصص کے سودے ہوئے تھے۔
تیزی کے سبب مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 43 ارب50کروڑ92 لاکھ18 ہزار891 روپے بڑھ کر 93 کھرب52ارب32 کروڑ46 لاکھ24ہزار 756روپے ہو گیا ۔پیرکو ٹی آر جی پاک لمیٹڈ کی سرگرمیاں 2 کروڑ27 لاکھ28ہزار 500 شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں ، جس کے شیئرز کی قیمت 1.28روپے اضافے سے39.91 روپے اور ایزی گارڈنائن کی سرگرمیاں72 لاکھ29 ہزار شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں ، جس کے شیئرز کی قیمت 91پیسے اضافے سے12.97 روپے ہو گئی ۔
قیمتوں کے اتارچڑھائو کے حساب سے نیسلے پاکستان اور باٹا پاک کے حصص سرفہرست رہے ، جنکی قیمتیں 415.00 روپے اور145.00 روپے اجافے سے بالترتیب10200.00روپے اور 3170.00 روپے ہو گئی جبکہ نمایاں کمی فلپس موریس پاک اور سائفر ٹیکسٹائل کے بھائو میں رہیں جنکے دام 145.00 روپے اور 33.95 روپے کے خسارے سے بالترتیب2755.00 روپے اور 1954 روپے پر بند ہوئے ۔