اوگرا نے احمدپورشرقیہ میں آئل ٹینکرحادثے میں اپنی کوتاہی کااعتراف کرلیا

08:03 PM, 24 Jul, 2017

اسلام آباد: اوگرانے احمدپورشرقیہ میں آئل ٹینکرحادثے میں اپنی کوتاہی کااعتراف کرلیا۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کے اجلاس میں چیئرپرسن اوگرا عظمیٰ عادل نے انکشاف  کیا کہ  سات  ہزارسے  زائد آئل  ٹینکر اوگرا قوانین پر پورا نہیں اترتے.کمیٹی  نے  ذمہ داروں  کو  نشان عبرت بنانے کا مطالبہ کردیا۔

چیئرمین اسرار اللہ زہری کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سانحہ احمدپورشرقیہ میں جاں بحق افرادکیلیے دعائے مغفرت کی گئی ۔اجلاس کو بریفنگ میں چیئرپرسن اوگرانے اعتراف کیاکہ متاثرہ آئل ٹینکر گنجائش سے تیل لے جارہاتھا۔عظمیٰ عادل نے بتایاکہ کل 11ہزار 704 آ ئل ٹینکرز میں صرف 4ہزار 653اوگر ا قوانین پر پورا اترتے ہیں۔تاہم تھرڈپارٹی کے ذریعے تمام ٹینکرزکاسروے کروارہے ہیں۔وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اوگرا آرڈیننس 2009 ء کا از سر نو جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کے ارکان نے کہاکہ مجر مانہ فعل پر صرف جرمانہ اور معاوضے کی ادائیگی سے ذمہ داروں کونہیں چھوڑنا چاہیے۔ فوجداری مقدمات درج کرکے اُنہیں نشان عبرت بناناہوگا۔

یاد رہے کہ 25 جون کو بہاولپور نیشنل ہائی پر احمد پور شرقیہ کے مقام پر آئل ٹینکر الٹ گیا تھا جس کےبعد مقامی آبادی سڑک سے تیل اکٹھا کررہی تھی کہ اس دوران خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں موقع پر موجود 200 سے زائد افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں
 

مزیدخبریں