سری لنکن نیوی کا بڑا کارنامہ، ڈوبتے ہاتھی بچا لیے

07:54 PM, 24 Jul, 2017

کولمبو: سری لنکن نیوی نے سمندر میں ڈوبتے دو ہاتھیوں کو بچالیا ۔ سری لنکا میں اپنی نوعیت کا یہ دوسرا واقعہ ہے جب ہاتھی سمندر میں اتنی دور تک چلے گئے کہ وہ گہرے پانیوں میں پہنچ گئے اورازخود واپس آنے سے قاصر تھے۔
سری لنکن بحریہ کے مطابق ان دونوں ہاتھیوں کو کنارے تک لانا بہت مشکل عمل ثابت ہوا۔ اس کے لیے نیوی کے سپاہی، غوطہ خوروں ، ٹگ بوٹس اور بڑی رسیوں کے ذریعے دونوں ہاتھیوں کو خشکی کی جانب لے جایا گیا۔ تصاویر سے ظاہر ہورہا ہے کہ دونوں ہاتھی گہرے پانی میں تھے اور اپنی سونڈ پانی سے اوپر رکھنے میں بہت دقت محسوس کرنے لگے تھے۔
نیوی نے اپنے اعلامیے میں کہا کہ دونوں ہاتھیوں کو فول پوائنٹ جنگل میں چھوڑ دیا گیا جو ٹرنکومالی ضلع میں واقع ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ معائنہ کرنے والی بحریہ کی کشتی نے ان ہاتھیوں کو دیکھ لیا اور اس کے بعد انہیں بچانے کا آپریشن شروع کیا گیا۔ اس سے قبل بھی ایک ہاتھی 8 کلومیٹر دور تک پانی میں چلا گیا تھے جسے دوبارہ خشکی پر پہنچایا گیا۔ سمندر کے ساتھ ہی ایک اتھلی کھارے پانی کی جھیل (لگون) ہے جسے عبور کرکے ہاتھی کبھی کبھی براہِ راست سمندر تک آجاتے ہیں۔

مزیدخبریں