ریاض: سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سِول ایوی ایشن نے بھی وزارت حج و عمرہ کے اس موقف کی تصدیق کی ہے کہ مملکت کی حکومت برادر قطری شہریوں کو کسی بھی وقت اور کسی بھی فضائی کمپنی (ما سوا قطر ایئرویز)کے ذریعے عمرے اور حج کی ادائیگی کے لیے دیکھنے کی خواہش رکھتی ہے۔ ان افراد کی آمد جدہ کے کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ یا مدینہ منورہ کے پرنس محمد بن عبدالعزیز ایئرپورٹ کے راستے ہو گی۔
اتھارٹی نے مزید بتایا کہ قطر کے جن شہریوں کے پاس سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ اور قطر میں امور حج سے متعلق ادارے کے اجازت نامے موجود ہیں اور ان کی الیکٹرانک رجسٹریشن بھی ہو چکی ہے. ایسے لوگ دوحہ یا کسی بھی دوسرے مقام(ٹرانزِٹ) سے کسی بھی فضائی کمپنی(ما سوا قطر ایئرویز)کے ذریعے آ سکتے ہیں۔ اس شرط کے ساتھ کہ اس فضائی کمپنی کو حکومتِ قطر نے چنا ہو اور سعودی جنرل اتھارٹی آف سِول ایوی ایشن نے اس کی منظوری دے دی ہو۔
رواں برس 1438 ہجری کے حج سیزن کے لیے ان افراد کی آمد اور روانگی صرف جدہ کے کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ یا مدینہ منورہ کے پرنس محمد بن عبدالعزیز ایئرپورٹ کے راستے ہو گی۔اتھارٹی نے ایک مرتبہ پھر اپنے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ حجاج ، معتمرین اور زائرین کی خدمت اور دیکھ بھال کے حوالے سے خادم حرمین شریفین اور ان کے ولی عہد کی حکومت کی ہدایات پر عمل درامد کرے گی تا کہ یہ لوگ اپنے مناسک کی ادائیگی پورے اطمینان اور سہولت کے ساتھ کر سکیں۔