عمران خان نے حکومت کے حامی پرائیوٹ میڈیا گروپ کو بے نقاب کر دیا

01:18 PM, 24 Jul, 2017

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا حکومت کے حامی پرائیوٹ میڈیا گروپ کے ایک صحافی نے آسٹن رابرٹسن سے میرے کوائف کی تصدیق کی لیکن حقائق کو شائع نہیں کیا اور میڈیا گروپ نے میرے خلاف جھوٹی خبریں چلائیں۔

انہوں نے ای میل کی ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں آسٹن رابرٹسن نے لکھا صحافی نے فون کال اور ای میل پر دریافت کیا کہ عمران خان کا کیری پیکر سیریز کیلئے معاہدہ ایک سال کا تھا یا دو سال کا۔

گزشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا تھا کہ وہ اپنی منی ٹریل عدالت میں پیش کر چکے ہیں جب اخبارات دیکھے تو یوں لگا کہ جیسے میری منی ٹریل بھی نہیں ہے۔ اگر کوئی شخص میری دستاویزات اور منی ٹریل کی تصدیق کرنا چاہتا ہے تو اسے مکمل سہولت فراہم کروں گا تاکہ وہ با آسانی برطانیہ سے ریکارڈ حاصل کر سکے۔

عمران خان نے مزید کہا تھا کہ اخبارات میں یہ تاثر دیا گیا کہ میرا اور نواز شریف کا کیس ایک ہی جیسا ہے حالانکہ ایسا کچھ نہیں ہے۔ ان پر منی لانڈرنگ ، ٹیکس چوری جیسے سنگین الزامات ہیں جبکہ میں نے کوئی منی لانڈرنگ نہیں کی کیونکہ میں پاکستان سے پیسہ لے کر نہیں گیا بلکہ پیسہ پاکستان میں لے کر آیا اور نہ ہی میں نے ٹیکس چھپایا کیونکہ انگلینڈ میں ٹیکس ادا کرتا رہا ہوں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں