پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس، اہم قراردادیں منظور

10:27 PM, 24 Jan, 2025

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کے بعد جاری کردہ اعلامیے میں قومی اور عوامی مسائل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کئی اہم مطالبات اور تجاویز پیش کی گئیں۔


اجلاس میں گورنر خیبرپختونخوا کی کوششوں کو سراہتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا گیا کہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کی تجاویز پر فوری عملدرآمد کیا جائے۔


کمیٹی نے کرم میں امن و امان کی خراب صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امن کی فوری بحالی اور بند راستوں کو کھولنے کا مطالبہ کیا۔


اجلاس میں معاہدے کے تحت پنجاب اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی متنازعہ کینال منصوبوں پر سخت تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مشترکہ مفادات کونسل میں زیر بحث لانے پر زور دیا گیا۔


پی ڈبلیو ڈی، یوٹیلٹی اسٹورز، پاسکو، جینکو اور دیگر اداروں میں مزدور دشمن اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے حکومت کی زرعی پالیسیوں پر بھی گہری تشویش ظاہر کی گئی۔ کمیٹی نے کسانوں کو کسی بھی قسم کی امداد نہ ملنے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔


کمیٹی نے بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے فوری طور پر فنڈز کے اجرا کا مطالبہ کیا تاکہ متاثرین کی مشکلات کم کی جا سکیں۔

یہ اجلاس ملک میں جمہوری اقدار کے فروغ، امن و امان کی بحالی، اور عوامی مسائل کے حل کے لیے پیپلز پارٹی کی سنجیدہ کوششوں کا عکاس تھا۔
 

مزیدخبریں