افریقا :سائنسدانوں نے زمین کی گہرائی میں دو چوٹیاں دریافت کی ہیں جو ماؤنٹ ایورسٹ سے بھی 100 گنا زیادہ بلند ہیں۔ یہ چوٹیاں افریقا اور بحر الکاہل کی سطح کے نیچے واقع ہیں اور ان کی لمبائی تقریباً 1,000 کلومیٹر تک ہے، جبکہ ماؤنٹ ایورسٹ کی بلندی محض 8.8 کلومیٹر ہے۔
جرنل "نیچر" میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق یہ چوٹیاں زمین کی سطح پر نہیں بلکہ اندرونی تہہ میں واقع ہیں۔ محققین کے مطابق یہ اسٹرکچر کم از کم 50 کروڑ سال پرانے ہیں، جبکہ ان کے بننے کا عمل 4 ارب سال قبل شروع ہوا تھا۔
تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ان چوٹیوں کے گرد ٹیکٹونک پلیٹس کا ایک "قبرستان" موجود ہے۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یہ اسٹرکچر زمین کے مرکز اور اندرونی تہہ کے درمیان ایک سرحد تصور کیے جا سکتے ہیں۔
زلزلے کی لہروں کے تجزیے کے ذریعے ان چوٹیوں کا پتہ لگایا گیا۔ سائنسدانوں نے زلزلے کی لہروں کو ان چوٹیوں کے پاس سست ہوتے دیکھا، جس سے ان کے وجود کی تصدیق ہوئی۔
تحقیق کے مطابق یہ چوٹیاں اپنے اردگرد موجود ٹیکٹونک پلیٹس سے زیادہ گرم ہیں، اور سائنسدانوں کو امید ہے کہ ان کی مزید تحقیق سے زمین کی اندرونی ساخت اور تاریخ کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملے گی۔