اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں خوشحالی کا سب سے مؤثر راستہ تعلیم ہے اور ملک کی ترقی کے لیے تعلیم پر بھرپور توجہ دینا ضروری ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عالمی یومِ تعلیم کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان تعلیمی میدان میں کافی پیچھے ہے اور اس کا حل تعلیم کی ترقی میں سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی حکومتوں نے ہمیشہ تعلیم کے شعبے میں فنڈز میں اضافہ کیا، خصوصاً 2013 سے 2018 تک اعلیٰ تعلیم کے لیے فنڈز کو دگنا سے زیادہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کا چار سالہ دور حکومت تعلیم کے شعبے میں منصوبہ بندی کے بغیر گزرا، لیکن موجودہ حکومت نے ’’اڑان پاکستان‘‘ پروگرام کے تحت نئے اہداف مقرر کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں کوئی بھی ملک 90 فیصد خواندگی کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا، اور تعلیم کی اہمیت کا مقابلہ صنعت سے نہیں کیا جا سکتا۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ ترقی کے لیے پرائمری اسکولوں میں 100 فیصد داخلہ کو یقینی بنانا ضروری ہے اور اس مقصد کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ حکومت کی پالیسی یہ ہے کہ تمام بچوں کو تعلیم کے برابر مواقع ملیں اور ان کی اسکول جانے کی حوصلہ افزائی کی جائے۔
انہوں نے ’’اڑان پاکستان‘‘ پروگرام کے تحت نئے جامع نصاب کی تیاری اور اساتذہ کی تربیت کے لیے ادارے قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ حکومت تعلیمی نظام میں اصلاحات لا رہی ہے تاکہ طبقاتی تفریق ختم کی جا سکے اور نظام تعلیم میں شفافیت لائی جا سکے۔