لاہور کے اضلاع میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز کا اختیار محکمہ بلدیات کو منتقل

05:39 PM, 24 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

لاہور: لاہور کے اضلاع قصور، شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے انتظامی اختیارات محکمہ بلدیات کو دے دیے گئے ہیں۔ نیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق، اس فیصلے کے تحت سیکرٹری بلدیات نے ایڈمنسٹریٹرز اور چیف آفیسرز کو مراسلہ بھیجا ہے، جس میں انہیں نئے اختیارات کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے۔

پنجاب کابینہ نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کا کردار ختم کرتے ہوئے ان اختیارات کو محکمہ بلدیات کے سپرد کرنے کی منظوری دی۔ ایڈمنسٹریٹرز اور چیف آفیسرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ لینڈ یوز کنورژن اور نجی ہاؤسنگ سکیمز کی منظوری کے حوالے سے تمام ضروری کارروائی کریں۔ اس فیصلے کی منظوری وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی سربراہی میں صوبائی کابینہ نے دی۔

یاد رہے کہ سابق نگران صوبائی کابینہ نے گزشتہ برس پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز کے لینڈ یوز کنورژن اور بلڈنگ پلان کے اختیارات لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو دیے تھے۔ اس فیصلے کے تحت، ایل ڈی اے کو لاہور ڈویژن میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے معاملات دیکھنے کا اختیار دیا گیا تھا، جو اب واپس لے لیا گیا ہے۔

مزیدخبریں