نیویارک :امریکہ میں ٹک ٹاک انسٹال والے آئی فون کی قیمت نے صارفین کو حیران کن حد تک چونکا دیا ہے۔ ای بے پر ایک آئی فون جس پر ٹک ٹاک پہلے سے انسٹال ہے، تقریباً 5 ملین ڈالر (تقریباً 140 کروڑ روپے) میں فروخت کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔
یہ سمارٹ فون ان امریکیوں کے لیے قیمتی بن چکا ہے جو ٹک ٹاک ایپ کے شوقین ہیں، کیونکہ ایپ پر پابندی لگنے کے بعد متعدد صارفین نے اسے اپنے فون سے ڈیلیٹ کیا تھا۔ تاہم، ایپ اب تک ایپل اور گوگل کے اسٹورز سے ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے دستیاب نہیں ہے، جس کے باعث صارفین متبادل طریقے تلاش کر رہے ہیں۔
نیویارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق، ای بے پر آئی فون 15 پرو کی تفصیل میں کہا گیا ہے کہ "فون بالکل ٹھیک ہے، اسکرین پروٹیکٹر میں معمولی نقصان ہے اور اس پر ٹک ٹاک انسٹال ہے۔سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے ٹک ٹاک انسٹال والے اسمارٹ فون خریدنے کی درخواستوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ایک صارف نے کہا، "میں نے ٹک ٹاک ڈیلیٹ کر لیا تھا، اور اب اسے دوبارہ نہیں ڈاؤن لوڈ کر سکتا! اگر کسی کے پاس ٹک ٹاک انسٹال والا آئی فون 16 پرو میکس ہو، تو میں 5,000 ڈالر دینے کو تیار ہوں۔
ٹک ٹاک ایپ کو گوگل پلے سٹور اور ایپل اسٹور پر ڈاؤن لوڈ کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے، اور اس کے صارفین کو ایک پیغام مل رہا ہے جس میں کہا جا رہا ہے کہ "امریکا کے موجودہ قانونی تقاضوں کی وجہ سے اس ایپ کے ڈاؤن لوڈز روکے گئے ہیں۔ایپل اور گوگل دونوں نے اس معاملے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس علاقے کے قانونی ضوابط کی پابندی کر رہے ہیں، جس کے باعث امریکی صارفین کو اس ایپ تک رسائی کے لیے نئے طریقے اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔