رجب بٹ کو شیر کے بچے کو غیر قانونی طور پر رکھنے پر کمیونٹی سروس کی سزا

رجب بٹ کو شیر کے بچے کو غیر قانونی طور پر رکھنے پر کمیونٹی سروس کی سزا

لاہور:لاہور کی جوڈیشل مجسٹریٹ نے شیر کے بچے کو غیر قانونی طور پر رکھنے کے الزام میں معروف ٹک ٹاکر رجب بٹ کو سزا سنا دی ہے۔

رجب بٹ کے خلاف وائلڈ لائف افسر نے شکایت درج کروائی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ رجب بٹ نے شیر کا بچہ غیر قانونی طور پر اپنے پاس رکھا تھا۔ رجب بٹ نے عدالت میں اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ نہیں علم تھا کہ جنگلی جانوروں کو اپنے پاس رکھنا غیر قانونی ہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے کے مطابق رجب بٹ کو ایک سال تک کمیونٹی سروس کرنے کی سزا دی گئی ہے۔ وہ پروبیشن افسر کی نگرانی میں اپنے وی لاگ میں جنگلی جانوروں کے حقوق پر آگاہی دیں گے، جس کا مقصد عوام کو جانوروں کے تحفظ کے حوالے سے تعلیم دینا ہے۔ ان ویڈیوز کو ہر ماہ کے پہلے ہفتے میں اپ لوڈ کیا جائے گا۔

عدالت نے محکمہ وائلڈ لائف کو ہدایت کی کہ وہ رجب بٹ کو جانوروں کے حقوق سے متعلق تمام مواد فراہم کرے تاکہ وہ اپنی کمیونٹی سروس کے دوران مثبت پیغامات دے سکیں۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ اگر پروبیشن آفیسر رجب بٹ کو ذاتی طور پر طلب کریں، تو انہیں حاضری دینی ہوگی۔

رجب بٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں اب یہ سمجھ آ چکا ہے کہ جنگلی جانوروں کو اپنے پاس رکھنا نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ ایک غلط مثال بھی ہے۔ انہوں نے اپنے عمل پر پشیمانی کا اظہار کرتے ہوئے وعدہ کیا کہ وہ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مثبت پیغامات دیں گے اور جنگلی جانوروں کے حقوق کے بارے میں آگاہی پھیلائیں گے۔

مصنف کے بارے میں