پنجاب حکومت کا رمضان پیکیج کا اعلان، لاکھوں خاندانوں کے لیے رجسٹریشن کا آغاز

03:33 PM, 24 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

لاہور: پنجاب حکومت نے رمضان کے دوران لاکھوں خاندانوں کو رمضان پیکیج دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے رجسٹریشن کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں رمضان پیکیج دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ مریم نواز نے ہدایت کی کہ 15 فروری تک شہریوں کو اس پیکیج کے لیے رجسٹریشن مکمل کرنی چاہیے۔

مریم نواز نے اجلاس میں کہا کہ رمضان پیکیج نادار افراد کا حق ہے اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اس عمل میں مکمل شفافیت کو یقینی بنائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو عزت و احترام کے ساتھ ان کا حق ملنا چاہیے، اور انہیں لائنوں میں لگنے کی ضرورت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ رمضان میں عوام کی خدمت اللہ کی رضا کے لیے کی جائے، اور انتظامیہ و حکام کو یہ خدمت عبادت سمجھ کر انجام دینی چاہیے۔

اجلاس میں رمضان پیکیج کے حوالے سے مختلف تجاویز اور سفارشات پر غور کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ رمضان پیکیج کے لیے پی ایس ای آر میں رجسٹریشن ضروری ہے، جس کے لیے شہری آن لائن پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے درخواست دے سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، یونین کونسلز اور بلدیہ دفاتر میں بھی رجسٹریشن کرائی جا سکتی ہے۔

مزیدخبریں