غزہ : غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے حملے جاری ہیں، حالانکہ دونوں طرف سے سیز فائر کے معاہدے کا اعلان کیا گیا تھا، لیکن اس کے باوجود صورتحال مزید بدتر ہوگئی ہے۔ مغربی کنارے کے جنین کیمپ میں اسرائیلی حملوں نے تباہی مچائی ہے، جہاں کئی فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔ جنین میں جبری انخلا کے بعد ہزاروں فلسطینی بے گھر ہوگئے ہیں، جبکہ اسرائیلی فورسز نے درجنوں نئی چوکیاں قائم کرلی ہیں اور متعدد گھروں کو آگ لگا دی ہے۔
مغربی کنارے میں فائرنگ کے ایک اور واقعے میں 14 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں اور 5 زخمی ہیں۔ القدس بریگیڈز نے اطلاع دی ہے کہ جنین میں حماس مجاہدین اور اسرائیلی فوج کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں، جس میں حماس نے اسرائیلی فوجی گاڑی پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں کئی اسرائیلی فوجی شدید زخمی ہوگئے۔
جنوبی غزہ اور رفح میں بھی اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے مزید 120 فلسطینیوں کی لاشیں برآمد ہوئیں، جس کے بعد شہدا کی مجموعی تعداد 47,283 تک پہنچ گئی ہے۔ اس دوران اقوام متحدہ کی جانب سے غزہ کے ہسپتالوں میں بحالی کے کام کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ وہاں علاج کی سہولت فراہم کی جا سکے۔