واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا میں ہونے والے تین بڑے قتل کے واقعات کی تحقیقات اور رپورٹس عوامی سطح پر شائع کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق، صدر ٹرمپ نے جان ایف کینیڈی، سینیٹر رابرٹ ایف کینیڈی اور مارٹن لوتھر کنگ کے قتل کی تحقیقات سے متعلق تمام ریکارڈ 15 دن کے اندر شائع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے نیشنل انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان قتل کے واقعات پر ہونے والی تحقیقات کا مکمل جائزہ لے کر ان کی رپورٹس پبلک کریں۔ جان ایف کینیڈی کے قتل سے متعلق ریکارڈ 15 دنوں میں شائع کرنے کا کہا گیا ہے، جبکہ سینیٹر رابرٹ ایف کینیڈی اور مارٹن لوتھر کنگ کے قتل پر ہونے والی تحقیقات کی رپورٹس 45 دنوں میں عوامی سطح پر فراہم کی جائیں گی۔
وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ان قتل کے واقعات سے متعلق تمام حقائق کو عوام کے سامنے لانا ہے تاکہ لوگوں کو ان تاریخی واقعات کی حقیقت کا پتہ چل سکے۔