پنجاب حکومت بڑا فیصلہ ، لاکھوں خاندانوں کو ’نگہبان رمضان پیکیج‘ دینے کا فیصلہ

10:37 AM, 24 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

لاہور  :  پنجاب حکومت نے رمضان کے مہینے میں نادار خاندانوں کی مدد کے لیے ’نگہبان رمضان پیکیج‘ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت ہونے والے خصوصی اجلاس میں اس پیکیج کی تفصیلات پر غور کیا گیا، جس میں مختلف تجاویز اور سفارشات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ عوام کو اس پیکیج کے لیے 15 فروری تک رجسٹریشن مکمل کرانے کی ترغیب دی جائے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ پیکیج غریب عوام کا حق ہے اور حکومت کا فرض ہے کہ وہ انہیں عزت و احترام کے ساتھ ان کا حق فراہم کرے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عوام کو لائنوں میں لگنے کی ضرورت نہیں ہوگی اور شفافیت کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

نگہبان رمضان پیکیج کے تحت عوام کو گھر بیٹھے آن لائن رجسٹریشن کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ یونین کونسل اور بلدیہ دفاتر میں بھی رجسٹریشن کرائی جا سکتی ہے۔ پنجاب حکومت نے اس پیکیج کی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے ہیلپ لائن نمبر 080002345 بھی قائم کر دیا ہے۔

مریم نواز نے انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے درخواست کی کہ وہ رمضان میں عوام کی خدمت کو عبادت سمجھ کر انجام دیں اور اس پیکیج کے ذریعے غریبوں کی مدد کریں تاکہ رمضان کے مہینے میں کوئی بھی مستحق فرد امداد سے محروم نہ رہے۔

مزیدخبریں