پاکستان سمیت دنیا بھر میں ’’یوم تعلیم‘‘ منایا جا رہا ہے

10:17 AM, 24 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ’’یوم تعلیم‘‘ منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور دنیا بھر میں تعلیم تک یکساں رسائی کو یقینی بنانا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق، تعلیم ہر انسان کا بنیادی حق ہے، لیکن پاکستان میں تعلیم کی صورتحال تسلی بخش نہیں ہے۔

پاکستان میں شرح خواندگی تقریباً 59 فیصد ہے جو کہ جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں کم ہے۔ ملک میں سکول جانے کی عمر کے تقریباً 2 کروڑ بچے تعلیم  کی نعمت سے محروم ہیں،خصوصی طور پر دیہی علاقوں اور خواتین کی تعلیم پر توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ فنڈز، سکولوں اور اساتذہ کی کمی، غربت، صنفی عدم مساوات اور سہولیات کی عدم دستیابی شرح خواندگی کی کمی کی اہم وجوہات ہیں۔ اس کے علاوہ، ہائر ایجوکیشن بھی بحران کا شکار ہے۔

تاہم، ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ پنجاب میں تعلیمی معاملات کچھ حد تک امید افزا ہیں، جہاں حکومتی سکیمیں جیسے کہ لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالر شپس پروگرام تعلیم کی بہتری کیلئے کام کر رہی ہیں۔ یوم تعلیم کے موقع پر عالمی سطح پر اس بات پر زور دیا جا رہا ہے کہ تعلیم کے ذریعے معاشرتی ترقی اور برابری کو فروغ دیا جائے، تاکہ ہر فرد کو بہتر مستقبل کی جانب گامزن کیا جا سکے۔

مزیدخبریں