بیروت: سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان 15 برس بعد پہلی بار سعودی عرب کے دورے پر لبنان پہنچ گئے ہیں، جو اس مدت کے دوران سعودی عرب کے کسی بھی اعلیٰ سفارت کار کا بیروت کا پہلا دورہ ہے۔ شہزادہ فیصل لبنانی صدر جوزف عون اور نامزد وزیر اعظم نواف سلام سے ملاقات کریں گے۔
اس سے قبل ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شہزادہ فیصل نے کہا کہ سعودی عرب دو برس سے زیادہ کے وقفے کے بعد لبنانی صدر کے انتخاب کو نہایت مثبت امر سمجھتا ہے۔ سعودی وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ لبنان میں نئی حکومت عنقریب تشکیل پا جائے گی۔
شہزادہ فیصل نے کہا کہ دنیا کو حقیقی عمل اور اصلاحات دیکھنی چاہئیں اور لبنان کے ساتھ سعودی عرب کی تعلقات کا محور مستقبل کی طرف ہونا چاہیے نہ کہ ماضی کی جانب۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب لبنان کے اس عمل میں اپنی شرکت کو بڑھانے کے لیے تیار ہے۔