کوئٹہ : بلوچستان میں پانچ سے زائد حلقوں میں قریبی رشتہ ایک دوسرے کے خلاف انتخاب لڑرہے ہیں ۔ ان میں سے دو حلقوں میں بھائی ایک دوسرے کے مد مقابل ہیں جبکہ ایک حلقے میں والد اور بیٹے ایک دوسرے کے مقابلے پر ہیں۔
نیو نیوز کے مطابق عام انتخابات میں بلوچستان میں پانچ حلقوں سے قریبی رشتہ دار ایک دوسرے کے مد مقابل ہیں۔ ان میں سے بلوچستان اسمبلی کی نشست پی بی4بارکھان موسیٰ خیل پر سردار عبدالرحمان کھیتران کے حریف کے طور پر ان کا بیٹا انعام شاہ بھی میدان میں ہے ۔ سردار عبدالرحمان کھیتران نواز لیگجبکہ انعام شاہ آزاد حیثیت سے انتخاب لڑرہے ہیں ۔
کوہلو سے بلوچستان اسمبلی کی نشست پی بی 9کوہلو سےنوابزادہ جنگیز مری نواز لیگ کے امیدوار ہیں جبکہ ان کے چھوٹے بھائی نوابزادہ گزین مری آزاد حیثیت سے میدان میں ہیں
پی بی 32 چاغی سے میر عارف محمد حسنی پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر انتخاب لڑرہے ہیں جبکہ ان کے بھتیجے میر عارف محمد حسنی اسی نشست پر نواز لیگ کے امیدوار ہیں ۔
میر ظفراللہ زہری بلوچستان اسمبلی کی نشست پی بی 33 سوراب سے جے یوآئی کے امیدوار ہیں اسی حلقے سے ان کے بھائی میر نعمت اللہ زہری پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر انتخاب لڑرہے ہیں۔گزشتہ عام انتخاب میں بھی دونوں بھائی ایک دوسرے کے مد مقابل تھے -
قومی اسمبلی کی نشست این اے264کوئٹہ تھری سے بی این پی کے سربراہ سردار اخترمینگل اور ان کے بھانجے رامین محمد حسنی بھی میدان میں ہیں۔