وفاق کی اپیل منظور ہوگئی تو سابق چیف جسٹس بندیال کیخلاف سنگین مس کنڈکٹ کا کیس بن سکتا ہے: سینئر صحافی 

وفاق کی اپیل منظور ہوگئی تو سابق چیف جسٹس بندیال کیخلاف سنگین مس کنڈکٹ کا کیس بن سکتا ہے: سینئر صحافی 

اسلام آباد : سینئر کورٹ رپورٹر اور نیو نیوز کے اینکر مطیع اللہ جان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ میں اس وقت کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال اور ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے درمیان گھناؤنا گٹھ جوڑ سامنے آیا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزاہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے مطیع اللہ جان نے کہا کہ سپریم کورٹ میں اس وقت کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال اور ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے درمیان گھناؤنا گٹھ جوڑ سامنے آیا ہے۔ قاسم سوری کے مقدمے کو چار سال ہوگئے آج تک نہیں سنا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ قاسم سوری کے استعفے تک چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ان کی نااہلی کو اسٹے آرڈر کے ذریعہ معطل رکھا۔ قاسم سوری نے عدم اعتماد کی تحریک مسترد کرکے غیر آئینی اقدام اٹھایا، سپریم کورٹ نے ہنگامی سماعت کے بعد قاسم سوری کا اقدام کالعدم کیا۔

مطیع اللہ جان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد جسٹس عمر عطا بندیال کو احساس ہوا کہ انہوں نے قاسم سوری کو اتنا عرصہ اسٹے آرڈر پر مہلت دی اب اگر قاسم سوری کیخلاف کوئی کیس لگتا ہے تو پوری دنیا کو معلوم ہوجائے گا، اس وقت تک قاسم سوری چونکہ استعفیٰ دے چکے تھے اس لیے جسٹس عمر عطا بندیال نے ان کا کیس ایک دفعہ لگایا۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے چیف جسٹس بننے کے بعد دوبارہ وہ کیس اپنے سامنے نہیں لگایا۔ 

مطیع اللہ جان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی ریٹائرڈ ججوں کیخلاف کارروائی کی اپیل منظور ہوگئی تو قاسم سوری کا معاملہ سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کیخلاف سنگین مس کنڈکٹ کا کیس بن سکتا ہے۔ تحریک انصاف کے وکلاء سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے دور میں ان سے چیمبر میں ملاقاتیں کرتے تھے۔  پی ٹی آئی نے جسٹس عمر عطا بندیال کے ساتھ ایک کیس لگوانے سے متعلق ملاقات کی تھی اور چند دن بعد وہ کیس لگ بھی گیا تھا۔

مصنف کے بارے میں