ملک میں بجلی کی مکمل بحالی کیلئے 48 گھنٹے درکار ہیں: خرم دستگیر

11:31 PM, 24 Jan, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ پورے ملک میں بجلی بحال کر دی ہے تاہم مکمل بحالی میں 48 گھنٹے درکار ہیں، نیشنل گرڈ کے تمام سٹیشنز بحال کر چکے ہیں اور تکنیکی فالٹ کو اب تک درست کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں طویل بریک ڈاؤن کے بعد بجلی مکمل طور پر بحال نہ ہو سکی اور شارٹ فال چار ہزار 278 میگاواٹ تک پہنچ چکا ہے جس کے باعث لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 9 ہزار 722 جبکہ طلب 14 ہزار میگاواٹ ہے یعنی شارٹ فال 4 ہزار 278 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے جس کے باعث مختلف علاقوں میں متعدد گھنٹے لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ 
وزیرتوانائی خرم دستگیر کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ پورے ملک میں بجلی بحال کردی ہے اور نیشنل گرڈ کے تمام سٹیشنز بحال کر چکے ہیں تاہم تکنیکی خرابی کو ٹھیک کرنے کیلئے تاحال کوشش جاری ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ جوہری پلانٹ کو دوبارہ شروع ہونے میں 24 سے 48 گھنٹے چاہئیں اور کوئلے کے پلانٹ کو بھی 48 گھنٹے چلانے کیلئے درکار ہوتے ہیں اس لئے آئندہ 48 گھنٹوں میں ملک میں بجلی کی کمی رہے گی۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بجلی کی کمی کے باعث اگلے 48 گھنٹوں میں لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑے گا تاہم پرسوں تک سب کچھ بحال ہو جائے گا۔ 

مزیدخبریں