لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءاور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب پر مقدمات ہیں اور ان کا کردار مشکوک ہے، موجودہ حکومت جتنا عرصہ مزید رہے گی عوام کیلئے مسائل میں اضافہ ہوتا چلا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے جن لوگوں کے نام دیئے وہ انتہائی بہترین لوگ ہیں، سکھیرا اور چیمہ صاحب ایسے افراد ہیں جن پر کسی طرح کا کوئی دھبہ نہیں لیکن نگران وزیراعلیٰ پنجاب پر مقدمات ہیں اور ان کا کردار مشکوک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اپنے پسندیدہ لوگ نہیں چاہتی، یہ تاثر غلط ہے بلکہ پی ٹی آئی ایسے لوگوں کا انتخاب چاہتی تھی جس پر کوئی تنازعہ کھڑا نہ ہو جیسا کہ خیبرپختونخوا میں نگران وزیراعلیٰ کے نام پر کوئی اعتراض نہیں کیا گیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف علاج کیلئے باہر گئے، اس کے بعد طویل عرصہ سے باہرقیام پذیر ہیں تاہم وہ جب مرضی واپس آنا چاہیں ان کا حق ہے یہ وطن ان کا بھی ہے۔
سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ حکومت ہر معاملے میں ناکام ہو چکی ہے، مہنگائی، بیروزگاری میں اضافہ ہو چکا ہے، عوام کا حکومت پر اعتماد اٹھ چکا ہے، ملک کے مسائل کا حل نئے انتخابات میں ہے، موجودہ حکومت جتنا عرصہ مزید رہے گی عوام کیلئے مسائل بڑھتے جائیں گے۔
پی ٹی آئی نگران وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے پسندیدہ نہیں بلکہ غیر متنازعہ شخص کا انتخاب چاہتی ہے: شاہ محمود قریشی
06:06 PM, 24 Jan, 2023