آپ اور آپ کے گھر والوں کو نہیں چھوڑیں گے: فواد چودھری کی محسن نقوی،الیکشن کمیشن اور سرکاری حکام کو دھمکی 

06:05 PM, 24 Jan, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور : ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب ، الیکشن کمیشن اور سرکاری افسران اور ان کے گھر والوں کو دھمکی دی ہے کہ  ہم اور ہمارے کارکن کچھ بھی کرسکتے ہیں اور آپ کو نہیں چھوڑیں گے۔ 

لاہور میں پی ٹی آئی کے دیگر اراکین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے فواد چودھری نے کہا کہ ہم نے بہت صبر کرلیا اب صبر نہیں کریں گے ۔ ہماری حکومت آئی تو گورنر پنجاب اور گورنر کے پی کو پھانسی دیں گے۔ الیکشن کی تاریخ نہ د ے کر پنجاب اور خیبرپختونخوا کے گورنرز بغاوت کررہے ہیں ۔

فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت 65فیصد نشستیں خالی ہیں ۔ نگران  وزیراعلیٰ تو ایک چہرہ،پیچھے کوئی اور ہے ۔ پاکستان کی پارلیمنٹ میں اس وقت 40فیصد نشستیں اس وقت خالی ہیں ۔آپ کچھ  عرصے کیلئے ہیں،ہم آپ کا پیچھا کریں گے،۔ ہم آپ لوگوں کا پیچھا کرینگے آپ کو معاف نہیں کرینگے ۔ 

انہوں نے کہا کہ اقتدار بادشاہی ہمیشہ نہیں رہتی۔ اداروں کا زوال ہم نے اس حکومت میں دیکھا ہے ۔22کروڑ لوگوں کا ملک ہے جس کی کسی کو پروا نہیں ۔جس طریقے سے نگران وزیراعلیٰ کی نامزدگی ہوئی لاہور کے لوگوں نے اسے مسترد کردیا۔ الیکشن کمیشن کو بتا دیا کہ 25 مئی کے واقعات ملوث لوگوں کو فوری ہٹایا جائے۔ 

مزیدخبریں