لاہور: سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) غیر جانبداری سے شفاف الیکشن کی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام ہے اور پنجاب میں متنازعہ ترین افسران کو تعینات کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنماءاور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور سابق سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں ایڈووکیٹ جنرل احمد اویس، ایڈووکیٹ عامر سعید راں اور ایڈووکیٹ امداد حسین چانڈیو بھی شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران موجودہ ملکی صورتحال سمیت دیگر سیاسی امور پر تبادلہ خیال کرنے کے ساتھ ساتھ پنجاب میں نگران سیٹ اپ میں بڑے پیمانے پر بیورو کریسی کی اکھاڑ پچھاڑ کی مذمت کی گئی۔
اس موقع پر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) غیر جانبداری سے شفاف الیکشن کیلئے اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام ہے، پنجاب میں متنازعہ ترین افسران کو تعینات کیا جا رہا ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی مخالف شہرت رکھنے والے آفیسرز کو اہم عہدوں ہر تعینات کیا جا رہا ہے لیکن ان کی تمام چالیں ناکام ہوں گی کیونکہ عمران خان کرپٹ مافیا کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہے۔