اسلام آباد: وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری نے تعلیم کے عالمی دن کے موقع پر پیغامات جاری کئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو نے فروغ تعلیم کیلئے کردار ادا کرنے والے تمام اساتذہ اور شخصیات کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ 32ملین سے زائد پاکستانی بچوں کا سکول نہ جانا پوری قوم کیلئے لمحہ فکریہ اور چیلنج ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ معیاری تعلیم کے حصول کیلئے رکاوٹوں کو جنگی بنیادوں پر ختم کرنا ہو گا جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ تعلیم و تربیت کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھا ہے۔
دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری نے تعلیم کے عالمی دن پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ سب کیلئے تعلیم پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور کا اہم نقطہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ محترمہ بینظیر بھٹو نے طالب علموں کو کمپیوٹر ٹیکنالوجی کے علم کی نصیحت کی تھی جبکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے غریبوں کیلئے وسیلہ تعلیم پروگرام شروع کیا۔