شیخ رشید وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کے استعفے سے لاعلم نکلے

07:18 PM, 24 Jan, 2022

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر کے استعفے سے لاعلم نکلے۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شہزاد اکبر کے استعفے کا مجھے علم نہیں ہے، وزیراعظم کے خلاف کوئی سازش نہیں ہو گی اور عمران خان یہ پانچ سال پورے کرنے کیساتھ ساتھ اگلے 5 سال بھی پورے کریں گے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کو سیکیورٹی تھریٹس ہیں لیکن انہیں سمجھ نہیں آرہی، حالانکہ انہیں اس بات کو سمجھنا چاہیے کہ ملک میں انتشار پھیلانے کے خواہشمند سیاستدانوں کو بھی نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ 
واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے مشیر برائے داخلہ و احتساب شہزاد اکبر اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں جس کا اعلان انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا۔ 
ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں شہزاد اکبر نے وزیراعظم عمران خان کو اپنا استعفیٰ بھجوانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے وزیراعظم کی قیادت میں احتساب کا عمل جاری رہے گا۔ میں نے بطور مشیر برائے داخلہ و احتساب استعفیٰ دیا ہے تاہم میں پارٹی کیساتھ منسلک رہوں گا اور قانونی خدمات فراہم کرتا رہوں گا۔ 
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ شہزاد اکبر نے وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب کے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے جبکہ مشیر برائے داخلہ کے حوالے سے صورتحال ابھی واضح نہیں ہے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ 18 جنوری کو کابینہ کمیٹی کی میٹنگ میں شیخ رشید نے نواز شریف کی واپسی سے متعلق سوال اٹھایا تھا جس پر شہزاد اکبر نے نواز شریف کی واپسی کو مشکل قرار دیا تھا۔ 
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان بھی شہزاد اکبر کی کارکردگی سے خوش نہیں تھے اور انہیں دو ہفتے پہلے ہی استعفیٰ دینے کا اشارہ دیا گیا تھا۔ 

مزیدخبریں