لاہور: تحقیقاتی اداروں نے انارکلی بازار دھماکے میں ملوث دہشت گرد کو لاری اڈا تک لے جانے والے رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ بادامی باغ کے قریب بس اڈوں کی ریکارڈنگ بھی قبضے میں لے لی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے انارکلی میں ہونے والے دھماکے کی تفتیش میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور تحقیقاتی اداروں نے سی سی ٹی فوٹیجز کی مدد سے دہشت گرد کو لاری اڈا تک لے جانے والے رکشہ ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں ملوث شخص ڈیوائس رکھنے کے بعد رکشے میں بیٹھا اور لاری اڈے کے قریب اترا تاہم اس کے بعد وہ کیمروں کی رینج میں نہیں آیا ۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق دہشت گرد کو لاری اڈے تک لے جانے والا رکشہ ڈرائیور کے دھماکے میں ملوث ہونے کے ثبوت نہیں ملے جبکہ اس نے دوران تفتیش بتایا کہ مبینہ دہشت گرد پنجابی میں گفتگو کر رہا تھا۔
واضح رہے کہ 20 جنوری جمعرات کے روز لاہور نیو انارکلی بازار میں زوردار دھماکے کے نتیجے میں ایک بچے سمیت 3 افراد جاں بحق اور 29 زخمی ہوئے تھے۔ پلانٹڈ ڈیوائس کے ذریعے کئے گئے اس دھماکے میں ڈیڑھ کلو کے قریب بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا۔
لاہور دھماکہ، دہشت گرد کو لاری اڈا تک لے جانے والا رکشہ ڈرائیور گرفتار
06:54 PM, 24 Jan, 2022