اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے مشیر برائے داخلہ و احتساب شہزاد اکبر کے استعفے پر رد عمل کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا ’آپ نے بہت زیادہ دباﺅ میں کام کیا، مافیاز پر کام کرنا آسان نہیں تھا مگر آپ نے جس طرح مقدمات کو دیکھا، وہ قابل تعریف ہے۔ اب مزید اہم کام آپ کے منتظر ہیں۔‘
واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے مشیر برائے داخلہ و احتساب شہزاد اکبر اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں جس کا اعلان انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا۔
ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں شہزاد اکبر نے وزیراعظم عمران خان کو اپنا استعفیٰ بھجوانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے وزیراعظم کی قیادت میں احتساب کا عمل جاری رہے گا۔ میں نے بطور مشیر برائے داخلہ و احتساب استعفیٰ دیا ہے تاہم میں پارٹی کیساتھ منسلک رہوں گا اور قانونی خدمات فراہم کرتا رہوں گا۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ شہزاد اکبر نے وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب کے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے جبکہ مشیر برائے داخلہ کے حوالے سے صورتحال ابھی واضح نہیں ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 18 جنوری کو کابینہ کمیٹی کی میٹنگ میں شیخ رشید نے نواز شریف کی واپسی سے متعلق سوال اٹھایا تھا جس پر شہزاد اکبر نے نواز شریف کی واپسی کو مشکل قرار دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان بھی شہزاد اکبر کی کارکردگی سے خوش نہیں تھے اور انہیں دو ہفتے پہلے ہی استعفیٰ دینے کا اشارہ دیا گیا تھا۔