لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے کہا ہے کہ شادی کے دباؤ نے ویرات کوہلی کے کھیل کو متاثر کیا ہے، انہیں صرف 10 سے 12 سال تک رنز بنانے اور ریکارڈ توڑنے پر توجہ دینی چاہئے تھی، اگر میں ان کی جگہ ہوتا تو شادی نہیں کرتا۔
تفصیلات کے مطابق شعیب اختر نے ویرات کوہلی کی حالیہ کارکردگی اور ان کی کپتانی سے متعلق معاملات پر خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ویرات کوہلی نے کپتانی چھوڑی نہیں بلکہ انہیں ایسا کرنے پر مجبور کیا گیا، ویرات کوہلی کا برا وقت چل رہا ہے لیکن انہیں خود کو ثابت کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ویرات کوہلی نے 6 سے 7 سال بھارتی ٹیم کی قیادت کی ہے لیکن میں کبھی بھی ان کے کپتا ن بننے کے حق میں نہیں تھا اور چاہتا تھا کہ وہ اپنی بیٹنگ پر توجہ مرکوز رکھے اور سنچریاں بناتا رہے، کوہلی کو شادی کرنے کے بجائے 10 سے 12 سال تک صرف رنز بنانے اور ریکارڈ بنانے پر توجہ دینی چاہیے تھی، میں ان کی جگہ ہوتا تو شادی نہیں کرتا۔
سابق فاسٹ باؤلر سے جب یہ پوچھا گیا کہ شادی کا دباؤ کھلاڑی کے کھیل کو متاثر کرنے میں کردار ادا کرتا ہے، تو انہوں نے ہاں میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کا، خاندان کا دباؤ ہوتا ہے اور ذمہ داری میں اضافے کیساتھ دباؤ بھی بڑھ جاتا ہے، کرکٹرز کا کیرئیر 14 سے 15 سال ہوتا ہے جس میں 5 سے 6 سال عروج کے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ویرات کوہلی اپنے عروج کے سال گزار چکے ہیں اور اب انہیں جدوجہد کرنی ہے، کرکٹ کے یہ 10سے 12 سال مختلف ہوتے ہیں اور دوبارہ نہیں آتے، میں یہ نہیں کہہ رہا کہ شادی کرنا غلط ہے لیکن اگر آپ اپنے ملک کیلئے کھیل رہے ہیں تو آپ کو کرکٹ پر زیادہ توجہ دینی چاہئے۔