اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان ذہنی طور پر گھر جا چکے ہیں۔ عمران خان کو پتا چل چکا ہے کہ ان کے گھر جانے کا وقت ہوچکا ہے۔ انہیں معلوم ہوچکا ہے کہ وہ نالائق، نااہل اور چور ہیں۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے کل اداروں، پارلیمنٹ ،عدلیہ اورعوام کو دھمکی دی ہے۔ پہلے کنٹینر پر کھڑے ہوکر کہتا تھا کہ میں حکومت میں آکر کسی کو نہیں چھوڑوں گا اب حکومت میں آکر کہتا ہے کہ مجھے نکالا گیا تو کسی کو نہیں چھوڑوں گا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے منتخب وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے خلاف سازش کی۔ وزیر اعظم کی کرسی کی تضحیک عمران خان نے کی ہے۔ عمران خان تہمت لگاتے ہیں جھوٹ بولتے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہاکہ عمران خان نے عوام کو کسی قابل نہیں چھوڑا ،نہ روٹی لینے کے ، نہ گیس اور بجلی کے بل دینے کے اور نہ ملازمت کے۔