پیپلز پارٹی آج احتجاج کے دوسرے مرحلے کا آغاز کرے گی 

11:10 AM, 24 Jan, 2022

اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی کے کسان مارچ کا ملک بھر میں آج آغاز ہوگا ۔ سندھ، پنجاب سمیت ملک کے  تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں  کسان اتحاد کے ساتھ پیپلز پارٹی کے کارکن احتجاج کریں گے۔ 

نیو نیوز کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری حیدرآباد میں  تین بجے احتجاجی مارچ میں شریک ہونگے اور حیدر آباد اسٹیٹ لائف بلڈنگ کے قریب ٹھنڈی سڑک پر کسان ریلیوں کے اجتماع سے خطاب کریں گے۔

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ کسانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پیپلزپارٹی آج ملک بھر میں ٹریکٹر مارچ  کر رہی ہے۔ 

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ 27فروری کا اسلام آباد مارچ ٹرننگ پوائنٹ ہوگا،مہنگائی اور بیروزگاری کیخلاف اپوزیشن کو مل کر کوشش کرنا ہوگی۔

دوسری طرف حیدر آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے نوید قمر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا 21 جنوری سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ کسان مشکلات سے دوچار ہے، ملک میں کھاد کا بحران مصنوعی ہے جبکہ حکومت نے اپنی نااہلی کا ملبہ کسانوں پر ڈال دیا ہے۔

مزیدخبریں