ابوظہبی : یو اے ای ایئر ڈیفنس نے ایک اور حوثی میزائل حملہ ناکام بنا دیا ۔ترجمان یو اے ای ایئر ڈیفنس کے مطابق حوثیوں کی جانب سے دو بیلسٹک میزائل حملے کیے گئے جو ناکام بنا دیئے گئے ۔
وزارت دفاع کا کہنا ہے میزائلوں کا ملبہ ابوظہبی کے مختلف علاقوں میں گرا ہے تاہم کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ وزارت دفاع نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ صرف سرکاری ذرائع سے ملنے والی خبروں پر یقین کریں۔
دوسری طرف عرب لیگ نے سعودی عرب،امارات پر حوثی حملوں کیخلاف فیصلہ کن اقدامات کا مطالبہ کیا ہے ۔ عرب لیگ کے اعلامیے میں کہاگیا کہ حوثیوں کا یہ حملہ کھلی جارحیت ہے اور اس سے پورا خطہ متاثر ہوگا۔
ادھر متحدہ عرب امارات نے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے ملک میں تیل کی تنصیب اور بڑے ہوائی اڈے پر مہلک ڈرون حملے کی دھمکی کے بعد ملک میں ہر طرح کے ڈرونز کی پرواز پر پابندی لگا دی ہے۔