پی ڈی ایم کی منفی سیاست نئے پاکستان میں نہیں چل سکتی، وزیراعلیٰ پنجاب

02:13 PM, 24 Jan, 2021

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی منفی سیاست نئے پاکستان میں نہیں چل سکتی۔ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش ملک دشمنی کے مترادف ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی نے کہا ہے کہ دسمبر گزر گیا، جنوری کا آخری ہفتہ بھی آ گیا، اپوزیشن ارکان کےاستعفے آئے نہ لانگ مارچ ہوا۔ فروری، مارچ بھی آئیں گے اور گزر جائیں گے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی تحریک عدم اعتماد پھر بھی نہیں آئے گی۔ مریم نواز، بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان میں اختلافات شروع ہو گئے ہیں ہیں۔ پہلے ہی کہا تھا کہ اس ناجائز اتحاد کی بیل منڈھے نہیں چڑھے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے اپنی چال چل دی، مریم نوا زبھی آس لگائے بیٹھی ہیں۔ دونوں نے ہر حربہ آزمایا سوائے مایوسی اور ناکامی کے کچھ ہاتھ نہ آیا۔ ان کے حواریوں کے چہرے زرد اور زبانیں لرز رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کا مریل گھوڑا مردہ ہو چکا ہے۔ مولانا فضل الرحمان غیر فطری اتحاد کا جنازہ پڑھانےکی تیاری کریں۔ مولانا فضل الرحمان سے جو کچھ ہوا وہ ہونا ہی تھا۔

ملک میں عالمی وبا کی جاری صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران اس وبا سے صوبے میں مزید 485 نئے مریض رپورٹ جبکہ 24 مریض انتقال کرگئے۔ صوبہ پنجاب میں اس مرض سے اموات کی مجموعی تعداد 4561 ہو چکی ہے۔

مزیدخبریں